حج 2019 کے سلسلے میں انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیتے ہوئے صوبائی کمشنر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام ترقیاتی کمشنروں کو تیاریوں سے متعلق لازمی ہدایات دیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ اس سال ریاست سے 11600 عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ عازمین حج کا پہلا قافلہ 4 جولائی کو سعودی عربیہ کے لئے روانہ ہوگا اورعازمین کی روانگی 29 جولائی تک جاری رہے گی۔
سری نگر ہوائی اڈے سے کل 70 اڑانیں روانہ ہوں گی اورہر طیارے میں 150 عازمین کی گنجائش ہوگی ۔تمام عازمین کے لئے روانگی سے 4 گھنٹے پہلے حج ہاﺅس بمنہ پہنچنا لازمی ہے تاکہ روانگی کے لئے ضروری لوازمات پورا کئے جاسکیں۔
انتظامات کاجائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے پی ڈی ڈی کو اضافی جنریٹر نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ حج ہاﺅس میں بجلی کی بلا خلل سپلائی یقینی بن سکے۔
انہوں نے حج ہاﺅس میں پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے علاوہ طبی سہولیات کی دستیاب کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ جب کہ ایس آرٹی سی کو عازمین کے لئے حج ہاﺅس سے ائر پورٹ تک پہنچانے کی خاطر ہائی اینڈ بسوں کا انتظام کرنے پر زوردیا گیا۔
صوبائی کمشنر نے ایس یم سی کو حج ہاﺅس میں صفائی ستھرائی کے علاوہ حج ہاﺅس اور ائر پورٹ میں اضافی موبائیل ٹائیلٹس دستیاب رکھنے کے احکامات دئے تاکہ عازمین کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس دوران صوبائی کمشنر نے حج ہاﺅس بمنہ اور ہوائی اڈے پر عازمین کے لئے سلامتی اقدامات کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں ایگزیکٹیو آفیسر سٹیٹ حج کمیٹی، ایڈیشنل کمشنرکشمیر، کمشنر ایس ایم سی، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن، ایس ایس پی ٹریفک اور ائرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے افسران کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جب کہ کشمیر ڈویژن کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔