جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تحریک حریت چیئرمین اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کی مہلک وبا کے پیش نظر تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے۔
فاروق عبداللہ نے ایک بیان میں کہا کہ محمد اشرف صحرائی کے انتقال نے بہت سارے خدشات کو جنم دیا ہے اور حکومت کو کشمیر اور ملک کی مختلف جیلوں میں قید کشمیریوں کی خیریت کو یقینی بنانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر: حج ہاؤس میں 100 بیڈ والا کووڈ سینٹر
ان کا کہنا تھا کہ ان قیدیوں کے اہل خانہ انتہائی تشویش اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں، وہ ہر وقت خصوصاً عالمی وبا کورونا وائرس کے بیچ یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ اُن کے پیارے محفوظ اور صحت مند ہیں۔
غور طلب ہے کہ تحریک حریت چیئرمین اشرف صحرائی گزشتہ روز جموں کے میڈیکل کالج میں دوران حراست انتقال کر گئے۔