جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے عید الفطر کے مبارک موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عید الفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً جموں وکشمیر کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے اور بے شک مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس دن پر عالم انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات کے لیے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں۔
پارٹی کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لوگوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوام اپنے پسماندہ، نادار اور مفلس بھائیوں کا خاص خیال رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں۔
ادھر چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے عید الفطر کے مبارک موقع پر جموں وکشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے مبارکبادی کے پیغام میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ تہوار رمضان کے مقدس ماہ کے اختتام پر منایا جاتا ہے جو کہ رحم دلی اور ہمدردی کے جذبوں، سخاوت، نیک اعمال اور برائیوں سے دور رہنے کا سبق دیتا ہے اور بندوں کو خود احتسابی کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ان میں رحم دلی کے اَقدار کو بھی ابھارتا ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر عوام کی خوشحالی اور انبساط کے لئے دعا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران بصیر احمد خان، فارو ق خان، راجیو رائے بھٹناگر اور کے کے شرما نے عید الفطر کے مبارک موقع پر عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے مبارکبادی کے پیغامات میں مشیران نے امید ظاہر کی کہ یہ دن جموں وکشمیر کے لئے ترقی، امن، بھائی چارے، امن و آشتی کی نوید لے کر آئے گا۔ انہوں نے یوٹی عوام کے لئے خیرو عافیت اور خوشحال کے لئے دعا کی۔
جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا: 'آپ کو اور آپ کے تمام گھر والوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ آپ سبھی کو دین دنیا میں خوشیاں اور کامیابیاں عطا کرے'۔