سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا تاہم بعد ازاں موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں برف و باراں متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’بعد میں 5 سے 8 نومبر تک وادی میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درج کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے‘ ۔ ترجمان نے کہا کہ وادی میں فی الوقت موسم بڑے پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ وادی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ سری نگر میں گذشرہ چوبیس گھنٹوں کے دوران0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 0.2 ملی میٹر، پہلگام میں7.9 ملی میٹر اور گلمرگ میں 3.0 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ Weather Forecast in Kashmir
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکار ڈکیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے5.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir Weather کشمیر میں موسم خشک، صبح اور شام کے وقت سردی کی لہر تیز
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکرڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ دریں اثنا وادی میں بدھ کوصبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔ لوگوں کو پارکوں، دکان تھڑوں اور صحنوں میں ہلکی سے دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
یو این آئی