کووڈ -19 وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں نے حکومت سے رسک الاؤنس اجرا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹرز ایسوسیئشن کشمیر نے فائنینشئل کمشنر صحت و میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو کے نام ایک مکتوب جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اس وقت کورونا وائرس سے لڑنے میں پیش پیش ہیں جس کی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حفاظتی آلات کی کمی ہونے کے باعث ڈاکٹر اس وبا سے لڑنے کیلئے پیش قدم ہیں لیکن حکومت بجائے ان کی حوصلہ افزائی کے ان کی تنخواہ میں تخفیف کر رہی ہے۔
قابل غور ہے کہ گزشتہ ہفتے وبا سے نمٹنے کیلئے حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ لیا ہے۔ تاہم ڈاکٹروں نے حکومت کے اس فیصلے سے ناراضگی دکھاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے حکومت ان کی تنخواہ میں میں تخفیف کر رہی ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وبا سے بھارت میں 59 ڈاکٹر متاثر ہوئے ہیں جبکہ جموں خطے میں بھی ایک ڈاکٹر اور ان کے اہلخانہ اس مہلک وائرس میں مثبت پائے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رسک الاؤنس کے علاوہ ان کی تنخواہ ایڈوانس میں ریلیز کی جائے تاکہ وہ وبا کے خطرات سے نمٹ سکیں۔