سرینگر:ڈائریکٹر موسمیات سرینگر مختار احمد کا کہنا ہے کہ سرینگر میں 26 نومبر تک صبح کے وقت گہری دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم بعد ازاں موسم مینں تبدیلی ہوکر بارشیں ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں دھند چھائے رہنے کا سلسلہ ختم ہوگا۔
بتادیں کہ سرینگر میں پیر کی صبح بھی لگاتار تیسرے دن بھی گہری دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے جہاں ڈرائیور حضرات کو ہیڈ لائٹس چالو کرکے گاڑیاں چلانا پڑیں، وہیں صبح کے وقت مختلف کاموں کے لئے نکلنے والوں خاص کر اسکولی بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
موصوف ڈائریکٹر موسمیات نے بتایا کہ 'سرینگر میں صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا سلسلہ 26 نومبر تک جاری رہ سکتا ہے بعد ازاں موسم بدل کر بارشوں کا امکان ہے، بارشوں سے موحولیاتی آلودگی ختم ہوتی اور اس سے دھند چھائے رہنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگا'۔
انہوں نے کہا کہ گرچہ وادی کشمیر میں ماہ رواں کے آخر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم 29 اور 30 نومبر کو بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں ٹھنڈ شروع ہوئی ہے جس سے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ ہونے کی ہی توقع ہے۔
مختار احمد نے کہا کہ مطلع ابر آلود رہنے کی صورت میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مطلع صاف ہوتا ہے تو درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:
دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ 'برف باری کم ہونے اور کم بارشیں نہ ہونا جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے کی بنیادی وجہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ جولائی اگست میں جب برسات کا موسم ہوتا ہے تو پانی کی سطح اچھی ہوتی ہے۔امسال موسم سرما کے دوران بھاری برف باری کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں شدید گراوٹ درج کی گئی ہے۔ وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سردی میں شدید اضافہ ہوا ہے جب کہ آج صبح گہرے کہرے کی وجہ سے آمد رفت میں بھی مشکلات پیدا ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0۰8 ڈگری سیلسیش درج کیا گیا۔ گیٹ آف کشمیر کہلانے والے قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی ایک سلیشیس درج کیا گیا، جبکہ معروف سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 2۰6 سلیشس، کوکرناگ 1۰2 سلیشس، کپواڑہ منفی 0۰2 سلیشس، گلمرک منفی 1۰2 دلشیس ریکارڈ کیا گیا۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)