جموں و کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 246 نئے معاملات درج کئے گئے جن میں 17 مسافر بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے 246 نئے مثبت معاملات کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 116254 ہو گئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 126 خطہ جموں سے ہیں اور 120 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1802 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ 387 کورونا مریض آج صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 169 جموں خطے سے ہیں اور 218 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 109894 ہو گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 116254 پازیٹیو کیسز میں سے 4558 کیسز فعال ہیں جبکہ 109894 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزی میں عوام کو یہ مشورہ دیا گیا ہےکہ وہ وقتاً فوقتاً حکومت کی طرف سے جاری کردہ مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے حکومت کی طرف سے روزانہ میڈیا بلیٹن کے ذریعہ جاری کردہ معلومات پر ہی انحصار کریں۔
لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ افواہوں کو پھیلانے سے باز رہیں اور ان پر کوئی دھیان نہ دیں۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگ ٹول فری نمبر 108 پر کال کرکے اپنے دروازوں پر مفت ایمبولینس خدمات حاصل کرسکتے ہیں جبکہ حاملہ خواتین اور بیمار، شیرخوار ٹول فری نمبر 102 پر فون کرکے مفت ایمبولینس خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔