جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیان میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شوپیان کے علاقہ ترکوانگام کو حصارے میں لیا ہے اور تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں تین سے چار عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز، اسپیشل آپریشن گروپ اور 78 بٹالین سی آر پی ایف نے علاقے کو نرغے میں لیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز کو علاقہ میں ممکنہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مخصوص اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے بعد کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے گذشتہ روز شوپیان کے کٹپورہ میں پیش آئے ایک تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
دونوں عسکریت پسند مقامی تھے اور ان کا تعلق ٹی آر ایف نامی عسکری تنظیم سے تھا۔