سرینگر میں رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہی ریکارڑ کیا گیا تھا۔
ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں موسم 30 دسمبر تک خشک رہنے کی توقع ہے۔
وادی میں سردیوں کا بادشاہ چلہ کلان برسر اقتدار ہے اگرچہ فی الوقت چلہ کلان نے اپنی روایتی ٹھاٹ بھاٹ کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔
وادی میں موسم فی الوقت خشک ہی نہیں بلکہ دن میں لوگوں کو ہلکی دھوپ سے محظوظ ہونے کا موقع بھی نصیب ہوتا ہے تاہم مطلع صاف رہنے سے رات کے منفی درجہ حرارت میں اضافہ درج ہورہا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ لوگوں کو صبح کے وقت گھروں میں ہی محصور کررہی ہے۔وادی کے منفی درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے سے کئی آبی ذخائر بھی منجمد ہوئے تھے۔
وادی میں منگل کی صبح سے ہی آفتاب نمودار تھا اور دوپہر کے بعد لوگوں کو پارکوں، سڑک کناروں اور دکان کے تھڑوں پر ہلکی دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث کئی مقامات پر آبی ذخائر جزوی طور پر منجمد ہوئے تھے۔
کشمیر کے دارالخلافہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 10.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 26.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔