گرمائی دارالحکومت سری نگر کے عالی کدل علاقے میں واقع رحباب صاحب کے آستان عالیہ میں گزشتہ شب نقب زنوں نے ڈاکہ ڈال کر نقدی رقم اڑا لی ہے۔
قبل ازیں ماہ رواں کی 12 تاریخ کو خانیار میں واقع حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح) کے آستان عالیہ کو نقب زنوں نے لوٹ لیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ عالی کدل میں واقع رحباب صاحب کے آستان عالیہ میں نقب زنوں نے گزشتہ شب ڈاکہ ڈال کر وہاں لوہے کے صندوق کو توڑ کر اس میں موجود نقدی رقم کو اڑا لیا۔ آستان عالیہ میں ہونے والی اس نقب زنی کی واردات پر لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
لوگوں نے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے فوری کارروائی کر کے ملوثین کو گرفتار کرنے کی تاکید کی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔