جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون کارکن سمیت دو ویڈیو جرنلسٹ شکارا رائیڈ کے دوران ڈل جھیل میں گر گئے حالانکہ تمام لوگوں کو بچا لیا گیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت میں ٹورزم کو فروغ دینے کے مقصد سے ڈل جھیل میں شکارا رائیڈ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس دوران پیش آئے حادثے میں پارٹی کی ایک خاتون کارکن کے علاوہ تین ویڈیو جرنلسٹ جھیل میں گر گئے۔ تاہم انہیں جلد ہی بچایا لیا گیا۔
بی جے پی کے ترجمان منظور بٹ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'ریلی اختتام پذیر ہونے کے بعد جب صحافی اپنی خبروں کے لیے تصویریں اپنے کیمروں میں قید کر رہے تھے اور پارٹی کے کارکنان بھی ملک اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی میں مشغول تھے، اسی درمیان ایک ناؤ جھیل میں ڈوب گئی۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'پارٹی کی ایک خاتون کارکن کے علاوہ مختلف اداروں سے وابستہ تین ویڈیو جرنلسٹس اس حادثے کا شکار ہوئے۔ تاہم ہماری پارٹی کی فوری کارروائی کی وجہ سے ان سب کی جان بچا لی گئی۔'
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے سینیئر رہنما شاہنواز حسین، ترین چوگ کے علاوہ دیگر رہنما بھی اس وقت وہاں موجود تھے اور تب تک وہیں رہے جب تک ان چاروں کو بچایا نہیں گیا۔