رکن پارلیمان اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما انوراگ ٹھاکر نے اتوار کے روز دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی وادی میں سیاحت کو دوبارہ فروغ دینے کا کام کرے گی اور ہر طبقے اور مذہب سے وابستہ افراد کو ساتھ لے کر ترقی کی راہ پر چلے گی۔
پارٹی کی جانب سے سرینگر کے ڈل جھیل میں پہلی بار انعقاد کی گئی شکارہ ریلی کے اختتام پذیر ہونے پر ٹھاکر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ " جھیل ڈل سے ڈل اور دل (جماعت) دونوں کا پیغام جا رہا ہے۔ دل بھارتیہ جنتا پارٹی کا اور ڈل جھیل ڈل کی خبصورتی کا۔ جموں کشمیر کی عوام نے آگے آکر ووٹ کیا ہے، بیلٹ کو مضبوط کیا ہے اور گولی کے خوف کو ہرایا ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ یہاں کے نوجوانوں نے پتھر اور بندوق کا راستہ ترک کر کے اقتدار کی چابی اپنے ہاتھوں میں لی ہے۔ 70 سالوں میں جو انتخابات یہاں نہیں ہوئے، انہیں آج منعقد کرایا جارہا ہے۔ آگے ترقی کے راستے بھی کھل جائیں گے۔"
انہوں نے کہا کہ "اقتدار کی چابی عبداللہ یا مفتی خاندان کے پاس نہیں ہوگی بلکہ نوجوانوں کی اُبھرتی ہوئی نئی لیڈر شپ کے پاس ہوگی۔ بھارت کے سب سے خوبصورت مقام سے جب یہ پیغام جاتا ہے کہ وہاں کی عوام نے تشدد کے بجائے ترقی کے مواقع کے حق میں حامی بھری ہے تو یہ بڑی بات ہے۔ ہم بھی یہاں ٹورزم کو بڑھانا چاہتے ہیں اسی لئے جھیل ڈل سے ہم بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے ٹورسٹ یہاں آئیں، کشمیر آپ کا انتظار کر رہا ہے۔"
ڈی ڈی سی انتخابات کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم زمینی سطح سے جڑے ہوئے رہنما ہیں۔ ہم نے کام بھی زمین سے جڑ کر ہی کیا ہے۔ جموں و کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر گزشتہ روز ہم نے لال چوک میں چائے پی، بڈگام میں انتخابی ریلی کی اور آج یہاں شکارہ ریلی۔ ہم اس ہفتے کئی جگہوں پر جائیں گے اور امن و امان کا پیغام لے کر دنیا بھر کا ٹورسٹ یہاں لائیں گے۔
یہ منفرد ریلی اس وقت انقاد کی گئی جب مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کا چھٹا مرحلہ چل رہا ہے۔