جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈل جھیل پر سیاحوں سے بات چیت کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقے جا کر جموں و کشمیر کی تشہیر کریں کہ یونین ٹریٹری ایک محفوظ سیاحتی مقام ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کی شام ڈل جھیل کا دورہ کیا اور وہاں مختلف حصوں سے آئے ہوئے متعدد سیاحوں سے ملاقات کی۔ سیاحوں کے ساتھ بات چیت کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ان کے جموں و کشمیر کے دورے کے تجربات حاصل کیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سیاحوں سے بات کرتے ہوئے کہا 'جموں و کشمیر کے خیر سگالی سفیر بنیں اور اپنے اپنے علاقوں میں یہ پیغام پہنچائیں کہ جموں و کشمیر ایک مثالی اور محفوظ سیاحتی مقام ہے'۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ محکمہ سیاحت، مقامی برادری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز جموں و کشمیر آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے اجتماعی طور پر سیاح دوست ماحول فراہم کررہے ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی جمالیاتی خوبصورتی اور یہاں کی عمدہ مہمان نوازی، بھرپور ثقافت اور ورثہ سے لطف اندوز ہوں اور یہاں کے دورے کو یاد گار بنائیں۔
انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ روپوش سیاحتی مقامات کو سیاحتی دائروں میں لانے کے لیے ان کی مدد کریں۔