سرینگر: بھارتی فوج کی جانب سے سری نگر میں سول محکموں، فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سے تعلق رکھنے والی خواتین کووڈ واریئرز کو مبارک باد دینے اور حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت آرمی ویوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی زونل پریسیڈنٹ اوشا پانڈے نے کی۔
تقریب کے دوران خواتین کووڈ واریئرز کو شال اور مومنٹو سے نوازنے کے بعد اوشا پانڈے نے اپنی تقریر میں کہا کہ ''میں اس موقع پر موجود ہونے پر فخر محسوس کررہی ہوں۔ مجھے معلوم ہوا کہ اس وبا کے خلاف جنگ میں یہاں سول محکموں اور فورسز کی 40 فیصد کووڈ واریئر خواتین ہیں۔ بہت سی خواتین میڈیکل ٹیم کا حصہ تھیں اور سائنسدان تھیں۔ یہاں، ان میں سے بہت سی خواتین نے ہمیں امید کی ایک نئی کرن فراہم کی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ''ان خواتین نے نہ صرف شہر میں بلکہ دیہاتوں میں جاکر بھی لوگوں کو ٹیکے لگائے اور لگاتار کام کرکے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک اہم رول ادا کیا۔ میں ان سب کو سلام کرتی ہوں جنہوں نے اتنی ساری جانیں بچائی۔"
کورونا وائرس واریئر شاہین کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے حوصلہ افزائی ہوتی ہے، 26 جنوری کو اسی حوالے سے بڑی تقریب منعقد کی جانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر داخلہ کی من کی بات طلبہ پر یو اے پی اے لگانے کے ساتھ شروع ہوئی: محبوبہ مفتی
وہیں ڈاکٹر شیبا اشرف کا کہنا تھا کہ عالمی وبا سے لڑتے وقت ''مجھے کبھی دباؤ محسوس نہیں ہوا تاہم جو لوگ کووڈ میں مبتلا تھے ان کا ذہنی تناؤ دور کرنے میں ہم نے پوری مدد کی۔ اگر آپ محنت کرتے ہیں تو پھل بھی ضرور ملتا ہے۔''
کووڈ واریئر کیپٹن دیویانشی کا کہنا تھا کہ "میں نے پہلی بار ایسی صورتحال دیکھی تھی تاہم سینیئرز کی رہنمائی سے کافی حوصلہ ملا۔''