سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد اور سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے حضرت امیر المومنین، خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر دین اسلام کے اس عظیم فرزند کو ان کی جلیل القدر اور بے مثال دینی و اسلامی خدمات کے لئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دین اسلام کے اس بے باک جری اور زبردست رہنما نے اپنے زریں خدمات سے دنیا کو عدل وانصاف، حریت، مساوات، مذہبی رواداری اور انسان دوستی کے اسلامی اور آفاقی اصولوں کو عام کرنے کے علاوہ دعوت و تبلیغ کے حوالے سے جو انمٹ اور تاریخ ساز کارنامے انجام دیئے ہیں وہ رہتی دنیا تک ایک درخشندہ مثال، انسانیت کے لئے نمونہ اور ناقابل فراموش ہے۔
مزید پڑھیں: یوم شہادت حضرت عمرؓ کے موقع پر کعبہ مرگ میں تقریب کا انعقاد
انجمن نے خلیفہ دوم حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کے بیش بہا کارناموں اور عالم انسانیت پر آپ کے احسانات کو ہر سطح پر اور ہر لحاظ سے لافانی اور ناقابل فراموش قرار دیا۔ اس مرحلے پر انجمن نے خلیفۃ المسلمین حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ کی حیات طیبہ، تعلیمات عالیہ اور سیرت پاک کو عام مسلمانوں کیلئے عموماً اور اصول و آداب حکمرانی کو دنیا بھر کے موجودہ حکام اور امراء کیلئے خصوصاً مشعل راہ قرار دیا۔ امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ تعالی عنہ کی طرز حکمرانی ساری دنیا کے حکمرانوں اور امراء کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؓ نے یکم محرم الحرام کو جام شہادت نوش فرمایا تھا۔