نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے فلسطین میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے غزہ میں جاری بے گناہ اور معصوم لوگوں کے وحشیانہ اور بہیمانہ ہلاکتوں اور خونریزی کا سلسلہ تھم جائے گا اور ساتھ ہی اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا رول نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے لئے اسرائیل کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ مستقبل میں اسرائیل اس قسم کی جارحیت اور دہشت گردی نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے ساتھ ہی یہ معاملہ سرد خانے میں نہیں ڈالا جانا چاہئے بلکہ فلسطین میں بچوں، خواتین، بزرگوں نیز معصوموں کی ہلاکتوں کے لئے اسرائیل سے جواب طلبی ہونی چاہئے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اسے جنگی جرائم کے ارتکاب کے لئے کارروائی ہونی چاہئے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بیان بازیوں اور زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر فلسطین کے مسئلے حل کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کرے۔
انہوں نے اسلامی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ یک زبان ہو کر اقوام متحدہ کو فلسطین پر ہو رہے مظالم کو روکنے اور اس مسئلے کے لئے پُرامن حل کے لئے دباﺅ بنائیں۔
یو-این-آئی