مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے مضافاتی علاقہ سے تعلق رکھنے والی روہی سلطانہ کو ان کی شعبہ تعلیم میں نمایاں کارکردی گی کے لیے قومی ایوارڈ سے نوازے جانے کے اعلان کے بعد انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف میری خوشی نہیں بلکہ محکمہ اور بچوں کے لئے قابل فخر ہے۔
مرکزی وزارت تعلیم نے سال 2020 کے قومی ایوارڈ کے لئے جموں و کشمیر سے دو اساتذہ کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اس میں ایک ٹیچر سری نگر سے ہیں۔
روہی سلطانہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ ایوارڈ میری محنت کے لئے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے پورے کیرئر میں کبھی بھی بچوں کو کرسی پر بیٹھ کر تعلیم نہیں دی بلکہ میں خود بچوں کے بیچ میں ہوتی ہوں اور انہیں سبق سمجھاتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جدید طریقے سے تعلیم دینے سے بچے جلدی سمجھ پاتے ہیں اور میں کبھی بھی بچوں کو جواب نہیں لکھواتی بلکہ ان سے جواب پوچھتی ہوں، تاکہ ان کا ذہن تیز ہو سکے۔
واضح ہو کہ جموں و کشمیر سے منتخب اساتذہ گورنمنٹ مڈل اسکول جکھر کے سنیل کمار، اپر پرائمری ٹکری (اودھمپور) اور بی ایم ایس کاشی پورٹلبل، گلاب باغ (سری نگر) کی روہی سلطانہ کا نام شامل کیا گیا ہے جبکہ لداخ سے مڈل اسکول ٹکناک ساکٹی، کھارو (لیہ-لداخ) کی ہیڈ ماسٹر سونم گیالتن کا نام منتخب کیا گیا ہے۔
مرکزی وزارت تعلیم، محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے ذریعہ تشکیل دیئے گئے آزاد جیوری نے پورے بھارت کے تقریباً 153 اساتذہ کے ناموں کی سفارش ایوارڈز کے لئے کی تھی جسے وزیر تعلیم نے منظوری دے دی۔