جموں و کشمیر انتظامیہ نے تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ خدمات پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے 15 اپریل تک 4 جی انٹرنیٹ سروس کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے- جمعہ کی شام یو ٹی انتظامیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں یہ واضح کیا گیا کہ جموں کشمیر میں فلحال 2 جی انٹرنیٹ خدمات کو جاری رکھا جائے گا اور 15 اپریل تک 4 جی انٹرنیٹ خدمات پر عائد پابندی برقرار رکھی جائے گی-
خیال رہے کہ جب سے 2 انٹرنیٹ کو جموں و کشمیر میں بحال کیا گیا تب سے انتظامیہ 4 جی انٹرنیٹ پر عاید پابندی میں بار بار توسیع کی جارہی ہے اور اس طرح سے یہاں مسلسل تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل ہیں-
قابل ذکر ہے کورونا وائرس کے دنیا کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی تیزی سے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کے دوران 4 جی کو بحال کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے- اس سے قبل بھی متعدد سیاسی رہنماؤں اور جماعتوں کی جانب سے یہاں 4 جی انٹرنیٹ خدمات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے-لیکن انتظامیہ نے 4 جی انٹرنیٹ پر پابندی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے-
ادھر سپریم کورٹ میں بھی گزشتہ روز ایک عرضی داخل کی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی و جموں و کشمیر حکومت کو 4 جی انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا حکم دے۔