سری نگر: چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے جمعے کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کووڈ 19 وبا سے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے انتظامیہ کو ہوشیار رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے اس وبا کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لیے بھی افسران کو ہدایات دیں۔
کووڈ وبا میں حالیہ اضافے کے پیش نظر چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ متعلقہ افراد کی تشخیص، ٹیکہ لگانے، کنٹینمنٹ زونوں میں اس وبا کو روکنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں مریضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ضروری ٹیکے لگانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ کووڈ 19 ٹیکے لگانے کے بنیادی مراحل کے تحت 75 فیصد ہیلتھ ورکرز، 78 فیصد فرنٹ لائن ورکرز اور 45 برس کی عمر سے زیادہ 38 فیصد شہریوں کو جموں و کشمیر میں ٹیکے لگائے گئے جن کی کل تعداد 1525604 ہے اور ان لوگوں میں کسی بھی قسم کی طبی شکایت درج نہیں کی گئی۔
اس کے علاوہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 45 برس سے زیادہ کی عمر کے لوگوں کو بارہمولہ، بڈگام، گاندربل، شوپیاں، جموں، کٹھوعہ، رام بن، سانبہ اور ادھم پور اضلاع میں 40 فیصد ویکسینیشن کوریج عمل میں لائی گئی۔
اس کے علاوہ اگلے مرحلے کے تحت 18 سے 45 سال کی عمر کے لگ بھگ 65 لاکھ لوگوں کو بھی ٹیکے لگانے کے دائرے میں لایا جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی طرف سے چلائے جا رہے ویکسی نیشن مہم میں بھر پور حصہ لیں اور اپنے خاندان کے لوگوں کو اس وبا سے بچانے کے لئے رضا کارانہ طور پر حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں آکسیجن کی ضروریات کے بڑھنے کے مد نظر 36 آکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کئے جائیں گے۔
یو این آئی