جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں چیف ایجوکیشن آفیس کی جانب سے آج سرکاری اساتذہ صاحبان کا ایک ضلعی سطح کا مشاعرہ شوپیان ڈائیٹ کے اشتراک سے ڈائیٹ آفس میں منعقد کیا گیا۔
اس مشاعرے میں ضلع شوپیان کے تقریباّ دس شعراء حضرات جو پیشے سے استاد بھی ہیں، نے حصہ لے کر مشاعرے کی شان بڑھائی۔
مشاعرے کی نظامت کے فرائض شوپیان کے نامور شاعر عبدالرحمان دلبرؔ نے احسن طریقے سے انجام دئے۔مشاعرے کی صدارت ادب نواز اور معروف لیکچرر جناب پرویز سجاد صاحب نے کی، جبکہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے جنوبی کشمیر کے معروف ماہر تعلیم اور ادیب ریاض خاکیؔ صاحب اور اردو لیکچرر اور کہنہ مشق ادیب جناب شبیر صاحب نے شرکت کی۔
حسب روایت مشاعرے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت نبی سے مشاعرے کو آگے بڑھایا گیا۔مشاعرے کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں کشمیری،اردو،گوجری اور انگریزی زبان میں شعراء حضرات نے اپنا کلام پیش کیا۔ جن شعراء کرام نے اس مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا،ان کے اسم گرامی یوں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام میں دو منشیات فروش گرفتار
جاوید عارفؔ،نذیر احمد بیگ،یاسمینہ شادابؔ،محمد یوسف گلفامؔ،حاجی نورالدین نورانیؔ،ریاض خاکیؔ،عبدالعزیز بیتابؔ،عبدالرحمان دلبرؔ،محمد عنایت اللہ اور محمد وسیم قابل ذکر ہیں۔مشاعرے کے اختتام پر صدر مجلس جناب پر ویز سجاد نے تمام مہمامان کا شکریہ اداکیا اور شعراء کرام کی حوصلہ افزائی کی۔
اسی طرح سے نامور ماہر تعلیم ریاض خاکیؔ صاحب کی تمام شعراء کرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادبی سلسہ آگے بھی جاری رہنا چاہئے۔
آخر پر چیف ایجوکیشن آفیس شوپیان کے کلچرل ونگ کے کوارڈینیٹر خورشید صاحب نے فکر انگیز خیالات کا اظہار کر کے بتایا کہ شوپیان میں آنے والے مہینے میں اسی طرح سے ادبی پروگراموں کو جاری رکھتے ہوئے مشاعروں اور دیگر ادبی پروگراموں کو منعقد کیا جائے گا۔اس مشاعرے میں دو شاعروں کو منتخب کیا گیا جو اب صوبائی سطح کے مقابلے میں حصہ لیں گے۔
اس مشاعرے میں جوری ((Juryکے فرائض غلام احمد شوقینؔ،نورالدین نورانیؔاور ڈاکٹر تجمل بلہ پوریؔنے بخوبی انجام دئے۔پورے مشاعرے کے دوران کوڈا19-کو مدنظر رکھتے ہوئے WHOاور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پر من و عن عمل کیا گیا۔