جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کے ہیرپورہ علاقے سے گزرنے والے نالہ پر پل نہ ہونے کی وجہ سے نالہ کی دوسری طرف آباد گنائی محلہ کی کثیر آبادی کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے علاقے کو تعمیر وترقی کے لحاظ سے جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ہیرپورہ علاقے میں پل کی عدم دستیابی کے سبب سینکڑوں افراد کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ گر چہ مقامی باشندوں نے نالہ پر لکڑی کا ایک عارضی پل تعمیر کیا ہے تاہم وہ کافی کافی خستہ ہو چکا ہے۔
لوگوں کے مطابق نالہ میں پانی کے تیز بہائو کے دوران گنائی محلہ کی کثیر آبادی ضلع صدر مقام سے منقطع ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ پل کی عدم دستیابی کے سبب طلبہ اسکول نہیں جا پاتے وہیں بیمار افراد کو اسپتال پہنچانے میں بھی کافی دقتیں پیش آتی ہیں۔
مزید پڑھیں: شوپیان:گجر بکروال طبقہ آج بھی اپنی روایات پر عمل پیرا ہیں
مقامی باشندوں نے بتایا کہ رابطہ پل کی عدم دستیابی کے سبب انکی زندگی بے معنی ہو کر رہ گئی ہے تاہم پل کی تعمیر کے لیے وہ ہر سال متعلقہ اداروں کو درخواست پیش کرتے ہیں جس کی آج تک داد رسی نہیں ہوئی۔
گنائی محلہ کے لوگوں انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں فوری طور پل تعمیر کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔