جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں محکمہ جنگلات نے 50 کنال سے زائد جنگلات کی اراضی کو ناجائز قبضہ سے چھڑایا ہے۔
شوپیان ضلع کے کیلر علاقے کے جنگلات رومشی رینج کمپارٹمنٹ نمبر آر بی 33 میں کچھ لوگوں نے جنگل کی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا جس پر فارسٹ ڈویژن نے کارروائی کر کے 50 کنال سے زائد جنگل اراضی کو ناجائز قبضے سے چھڑایا۔
رومشی رینج آفیسر سلیم اعجاز مغل نے متعلقہ عملے کو حساس جنگل والے علاقوں میں گشت میں تیزی لانے کی ہدایت دی تاکہ جنگل اراضی پر ناجائز قبضے کی کوششوں پر روک لگائی جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا 'اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو برداشت نہیں کیاجائے گا'۔
اس دوران انہوں نے لوگوں سے کہا 'محکمہ جنگلات ضلع میں کسی بھی شخص کو محکمہ جنگل کی اراضی پر قبضہ نہیں کرنے دے گا'۔
انہوں نے کہا 'عوام مالی نقصان سے بچنے کیلئے محکمہ جنگلات کی اراضی پر تعمیرات سے گریز کرے، جنگلات کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، محکمہ جنگلات کے رقبہ پر ناجائز قابضین کے خلاف بلا تخصیص کاروائی جاری رہے گی، مسمارگی کاروائی میں کسی اثر و رسوخ کی پرواہ نہیں کی جائے گی'۔
انہوں نے کہا 'محکمہ جنگلات پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف مسمارگی کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر مقدمات بھی چلائے جائیں گے'۔