دریں اثنا ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حاملہ خاتون کو جب کورونا ٹیسٹ کے لئے جموں جانے کو کہا گیا تو وہ ہسپتال سے باہر چلی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ لیلم زوجہ دویندر کمار ساکنہ بہار ہال سانبہ، درد زہ میں مبتلا تھیں اور جب اتوار کو ضلع ہسپتال سانبہ پہنچی تو وہاں اس کو ایمبولنس فراہم کئے بغیر کورونا ٹیسٹ کرانے کے لئے جموں ریفر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خاتون شدید درد زہ میں مبتلا تھیں اور اس نے کچھ مقامی خواتین کی مدد سے باہر سڑک کے کنارے بچے کو جنم دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ہسپتال انتظامیہ نے ایک ایمبولنس کو جائے موقع پر روانہ کر دیا۔
ادھر ہسپتال کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ خاتون کو باقاعدہ ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن کورونا ٹیسٹ نہ کرنے کے بارے میں کچھ معاملہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خاتون کو ٹیسٹ کرانے کے لئے جموں جانے کو کہا اور اس کے لئے ایمبولنس کا انتطام بھی کیا لیکن وہ باہر چلی گئی اور پھر ہمیں معلوم ہوا کہ اس نے سڑک پر بچے کو جنم دیا ہے۔
موصوف نے کہا کہ یہ معلوم ہوتے ہی ہم نے ایمبولنس بھیج کر خاتون کو ہسپتال لایا جہاں دونوں بچہ اور ماں محفوظ ہیں۔
خاتون کے شوہر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: 'ہسپتال پہنچنے پر ہمیں کہا گیا کہ خون کا ٹیسٹ کرنے کے لئے جموں جاؤ، ہم نے کہا کہ صاحب ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، گاڑی نہیں ہے۔ یہ کہہ کر ہم وہاں سے چل دیے اور راستے میں ایک جگہ پر بیٹھ گئے۔ وہیں عورت کو لٹایا اور اس نے بچہ کو جنم دیا'۔