جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں پیر کے روز ایک منی بس کو حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں متعدد عقیدت مند زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوراً علاج و معالجہ کے خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ریاسی میں پیر کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک مسافر بردار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گئی جس وجہ سے گاڑی میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گاڑی میں کل ملا کر 22 یاتری سوار تھے جو کٹرا سے شیو کھوری مندر کی طرف جارہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت ہسپتال میں مستحکم ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
مزید پڑھیں: Truck skids in Zojila Pass زوجیلا پاس پر ٹرک حادثہ کا شکار، دو افراد ہلاک
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں اگست 2023 تک کُل 4,165 حادثات رونما ہوئے ہیں۔ ان سڑک حادثات میں 580 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے وہیں 5 ہزار 565 افراد زخمی ہوئے۔بتادیں کہ گزشتہ برس جموں و کشمیر میں 6,092 سڑک حادثات رونما ہوئے تھے۔ ان حادثات میں 805 افراد ہلاک جبکہ 8ہزار372 لوگ زخمی ہوئے تھے۔