ریاسی (جموں کشمیر) : ملک بھر سے روزانہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں آنے والے سینکڑوں عقیدت مندوں کے لیے کٹرہ میں ماڈل پولیس اسٹیشن کی سہولت شروع کر دی گئی ہے۔ کٹرا پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کی تعمیر سے قبل دور دراز علاقوں سے آنے والے مسافروں کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں یاتریوں کو پولیس اسٹیشن تلاش کرنے کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم اب کوئی بھی شخص، بشمول ویشنو دیوی یاتری، بغیر کسی پریشانی کے کٹرہ میں پولیس ٹیم سے مدد طلب کر سکتا ہے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کٹرہ پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کا افتتاح کیا۔
ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہاں پہلے سے ہی ایک پولیس اسٹیشن موجود تھا لیکن اس میں سہولیات کو بڑھا دیا گیا ہے، عملہ کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اس پولیس اسٹیشن میں دیگر علاقوں کے پولیس تھانوں، چوکیوں کے برعکس زیادہ کام رہتا ہے کیونکہ یہاں آنے والے یاتریوں کی سہولیات، ان کی سیکورٹی سمیت ان کی شکایات کا ازالہ کرنے کی بھی ڈیوٹی انجام دینی پڑتی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Situation In Kashmir کوکرناگ انکاؤنٹر سے پہلے بھی حالات کشمیر میں اچھے تھے اور آج بھی اچھے ہیں، دلباغ سنگھ
دلباغ سنگھ کے مطابق ’’سبھی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پولیس اسٹیشن کو توسیع دی گئی ہے اور اس تھانہ کو جدید سہولیات سے لیس رکھا گیا ہے جس میں یاتریوں کے مسائل سننے کے لیے ایک علیحدہ شکایت سیل بنائی گئی ہے جہاں کوئی بھی اپنے مسائل، مشکلات یا شکایات درج کرا سکتا ہے۔ یہاں مقرر کردہ ٹیم اسے حل کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ ٹیم کنسلٹنٹ کے طور پر بھی کام کرے گی۔‘‘