ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں مسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیور ایس او پیز اور ٹریفک قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نہ صرف اوور لوڈنگ انجام دے رہے ہیں بلکہ مسافر بردار گاڑیوں کو مال بردار گاڑیوں کے طور پر بھی استعمال میں لا رہے ہیں۔
مقامی مال بردار گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیوروں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران انہیں چند گھنٹوں کی ہی ڈھیل دی جا رہی ہے تاہم انکے مطابق وہ رعایتی اوقات میں بھی کام کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسافر بردار گاڑیاں ایس او پیز کی صریح خلاف ورزی کے علاوہ مال بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہے ہیں اور انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔
مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے شکایت کی کہ وہ پہلے سے ہی لاک ڈائون کے سبب مالی مشکلات سے جوجھ رہے ہیں تاہم مسافر بردار گاڑیوں کی مان مانیوں سے وہ اپنے اور اہل خانہ کے لیے نان شبینہ جٹا پانے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے ایس او پیز اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔