رام بن (جموں و کشمیر) : صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن میں سے تعلق رکھنے والے جموں و کشمیر پولیس کے اے ایس آئی محمد رفیق نائیک، جو کہ ریبیز انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو گئے، کو آبائی علاقہ پرہندر، نیل میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ اے ایس آئی کے جنازے میں جہاں درجنوں پولیس اہلکار شریک ہوئے وہیں پولیس افسر کی تجہیز و تکفین میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور انہیں پُر من آنکھوں سے الوداع کیا۔
یاد رہے کہ فوت ہوئے اے ایس آئی، محمد رفیق نائیک، کو تین ماہ قبل دوران ڈیوٹی مبینہ طور ایک کٹے نے کاٹا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متوفی نے کتے کے کاٹے جانے کے بعد ریبیز کے لازمی انجیکشن میں سے صرف دو ہی ڈوز لئے جس کے کچھ روز بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں مقامی اسپتال ریفر کیا گیا بعد ازاں انہیں دہلی کے ایمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں معالجین نے انہیں ’’لا علاج‘‘ قرار دے دیا۔
مزید پڑھیں: Stray Dog Attacks in JK آوارہ کتوں کے حملوں میں 20 فیصد کا اضافہ
ریبیز انفیکشن سے اے ایس آئی کی وفات پر نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ ضلع رام خاص کر متوفی کہ آبائی علاقے کے باشندوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متوفی کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔ متوفی کو سرکاری اعزاز کے مطابق دفن کیا گیا اور ان کے جنازے میں درجنوں پولیس اہلکار اور افسران شریک رہے۔ مقامی ڈی ڈی سی ممبر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ متوفی محنتی، نیک اور ایماندار پولیس افسر تھے، وہ ڈیوٹی کے دوران بھی اور چھٹی کے وقت بھی عوام کی خدمت کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے جس کی وجہ سے وہ ہردلعزیز بن چکے تھے۔ ان کی موت پر پورا علاقہ سوگوار ہے۔ ڈی ڈی سی ممبر نے حکام خاص کر اعلیٰ پولیس افسران سے متوفی کے اہل خانہ کو ضروری امداد فراہم کرنے اور ان کے اہل و عیال کے لئے ایس آر او کیس فوری طور منظور کرنے کی اپیل کی ہے۔