رامبن: جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے میدانی علاقوں اور اونچی علاقوں میں 14 جنوری کو برف باری ہوئی۔ میدانی علاقوں کے کئی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی جبکہ سیاحتی مقام پٹنی ٹاپ، ناتھا ٹاپ، سناسر اور بٹوٹ میں برف کی موٹی چادر جمع ہوگئی۔برف باری کے سبب مختلف مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ۔ٹریفک کو بحال کرنے کے لیے ان مقامات پر برف صاف کرنے کا محکمہ میکینکل انجیئرنگ محکمہ اور متعلقہ حکام نے شروع کیا اور بیشتر سڑکوں پر برف کو صاف کر دیا ہے۔برفباری ہونے سے سیاح کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ سیاحوں کے مطابق وہ پہلی بار برف دیکھ رہے ہے اور انہیں کافی اچھا لگ رہا ہے۔
بتادیں کہ 14 جنوری کو جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھاری اور میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری کے بعد ہفتہ کے روز وادی میں موسم بہتر ہوا ہے اور معمولات زندگی بھی بتدریج واپس پٹری پر آ رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 18 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔اس دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور میدانی علاقوں میں دھند بھی رہ سکتی ہے۔
وہیں محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اسی مدت کے دوران قاضی گنڈ میں 50.9 سینٹی میٹر اور کپواڑہ میں 10.4 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک فٹ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں 47 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی کہیں ایک فٹ تو کہیں اس سے بھی زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: Volleyball Game On Snow برف کی چادر پر سی آر پی ایف اہلکار والی بال کھیلنے سے لطف اندوز
وادی کشمیر کا بیرونی دنیا کے ساتھ زمینی و فضائی رابطہ ایک روز بند ہونے کے بعد ہفتے کے روز بحال ہوگیا۔سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کا سلسلہ بحال ہوگیا وہیں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔ائیر پورٹ حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے کی رن وے سے برف ہٹایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے پر پہلی پرواز دلی سے دوپہر تک آئی گی۔
دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کو ہفتے کو ایک روز بعد بحال کر دیا گیا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر چھوٹی گاڑیوں کی دو طرفہ آوا جاہی کی اجازت ہے۔
وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے پہلے ہی بند ہے جبکہ سری نگر- لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔