رامبن: جموں وکشمیر کے ضلع رامبن کی تحصیل رامبن کی دور افتاد پنچایت احدوہ میں ایک نابالغ لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کر کے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحصیل رامبن کے گاؤں احدوہ کی رہائشی مکان میں 13 سالہ لڑکی منیش سنگھ ولد جے سنگھ نے اپنے گھر کے دوسری منزل میں چھت سے پھانسی کا پھندہ گلے میں ڈال کر مبینہ طور پر خود کشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے لڑکی ساتویں جماعت کی طالبہ تھی، جبکہ دوسرے بچے پہلی منزل میں تھے اور ماں باپ کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئے تھے۔تاہم آج جب صبح لڑکی کی لاش کو آخری رسومات کے لیے لے جارہے تھے تو مقامی سرپنچ کی اطلاع پر پولیس نے لاش کو اپنے تحویل میں لیکر ضلع ہسپتال منتقل کر پوسٹ مارٹم کے بعد وارثین کے حوالے کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ پولیس رامبن نے 174 سی آر پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
مزید پڑھیں: Ladakh Student Suicide in Rajasthan راجستھان سنٹرل یونیورسٹی میں لداخ کی طالبہ کی خودکشی، طلبہ کا احتجاج
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ نوجوان زندگی کی انمول نعمت کو چھوڑ کر موت کو گلے لگا رہے ہیں۔ جہاں خودکشی کی خبر سنتے ہی ہر ایک انسان غم میں ڈوب جاتا ہے وہیں اس انتہائی اقدام کے وجوہات کا پتہ لگانے میں غیر معمولی دلچسپی بھی لیتا ہے۔
ایک رپوٹ کے مطابق ملک میں سالانہ ایک لاکھ 35 ہزار افراد خودکشی کرتے ہیں اور نوجوانوں میں خودکشی کے معاملات میں بھارت پہلے نمبر پر ہے۔ اگرچہ جموں و کشمیر خاص کر وادی کشمیر میں خودکشی کے واقعات نا کے برابر دیکھنے کو ملتے تھے لیکن گزشتہ برسوں میں یہاں بھی ان واقعات کا رجحان بڑھ رہا ہے۔