رام بن: صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن کے دور دراز اور پسماندہ علاقہ منگت کے باشندوں نے پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا (PMGSY) سب ڈویژن بانہال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں شامل منگت کے باشندوں نے محکمہ پر برفباری کے ہفتوں بعد بھی رابطہ سڑک بحال نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام سے فوری طور رابطہ سڑک پر جمع برف کو صاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شامل مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’بانہال-منگت رابطہ سڑک گزشتہ دو مہینوں سے نقل و حرکت کے لئے مکمل بند ہے۔‘‘
احتجاجیوں کے مطابق رابطہ سڑک پر سے اکثر مقامات پر برف صاف کر دی گئی ہے تاہم محض چند مقامات پر ہی برف جمع ہونے کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے علاقے میں برف صاف کرنے کے لیے مشینری روانہ کی ہے تاہم، احتجاجیوں کے مطابق، متعلقہ ملازمین لیت و لعل اور سستی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ملازمین اپنی مرضی سے کام پر آتے ہیں اور برف صاف کرنے کے حوالہ سے سنجیدہ کا مظاہرہ نہیں کر رہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے سڑک کی بھالی کا کام جاری ہے اور ابھی تک برف کو پوری طرح صاف نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Snow Clearance in Anantnag: اننت ناگ میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری
احتجاج میں مقامی سماجی کارکنان، مقامی باشندوں نے شرکت کی اور ضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سڑکوں پر سے برف ہٹائے جانے کے عمل میں سرعت لانے کے احکامات صادر کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ مقامی باشندوں کو عبور و مرور میں مزید دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔