رام بن: ضلع رام بن کے سب ضلع ہسپتال، بانہال میں محکمہ صحت کی جانب سے تپ دِق کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو راشن فراہم کیا گیا۔ بانہال کے مختلف علاقوں سے آئے ٹی بی کے 29مریضوں میں راشن کٹس تقسی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اہلکاروں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے نہ صرف تپ دق میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ ان کی مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران محکمہ صحت کے اہلکاروں نے تپ دق کے حوالہ سے جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے تپ دق کے مریضوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’تپ دق متعدی مرض ہے جو دوسروں میں بآسانی منتقل ہو سکتا ہے۔‘‘
محکمہ صحت کے اہلکاروں نے ٹی بی کے مرض میں مبتلا افراد میں راشن کٹس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے اس موذی اور متعدی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے ملکی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کی غرض سے حکومتی سطح پر کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جن میں ٹی بی مریضوں کا مفت علاج، ان کا روٹین چیک اَپ اور مالی امداد بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں وقتاً فوقتاً اس حوالہ سے بیداری پروگرامز بھی اسی مہم کا ایک حصہ ہے۔
مزید پڑھیں: Help for TB Patients تپ دق مرکزمریضوں میں کھانا اور گرم کپڑوں کی تقسیم
بی ایم او بانہال نے کہا کہ علاقے میں ٹی بی میں مبتلا مریضوں کو ہر ماہ راشن کٹس فراہم کیے جاتے ہیں اس کے علاوہ علاج اور ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ عالمی سطح پر اس وقت تپ دق کے عارضہ میں ایک کروڑ افراد مبتلا ہیں۔