جموں: جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں پیر کی صبح ایک سڑک حادثے میں ٹینکر ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن ضلع کے بانہال علاقے میں پیر کی صبح شیطانی نالے کے نزدیک ایک ٹینکر سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گرا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم اس دوران ڈرائیور کی موت واقع ہو چکی تھی۔
متوفی ڈرائیور کی شناخت اجے کمار ولد تھورو رام ساکن اکھنور کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائیاں شروع کی ہیں۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی و قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ رام بن پولیس کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Road Accident in Ramban رام بن سڑک حادثہ میں آٹھ افراد زخمی
قابل ذکر ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ خاص کر رام بن تا بانہال اسٹریچ پر آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں تلف ہو جاتی ہیں جبکہ متعدد افراد عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔ مرکزی سرکار کی معاونت سے سرینگر جموں شاہراہ کی کشادگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاہم ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ گزرنے کے باوجود چار گلیاروں والی اس شاہراہ کو پوری طرح سے مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ شاہراہ پر جاری کام کے سبب مسافرین کو کئی دقتوں کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔
یو این آئی