پہاڑی ضلع رامبن میں سب ڈویژن بانہال کے علاقہ نیل میں پینے کے پانی کی قلت کے حوالے سے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ نیل کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں پانی کی قلت کے حوالے سے عوام کو پہلے ہی سخت مشکلات کا سامنا ہے تاہم برفباری کے ایام میں انکی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق انکے علاقے میں پانی کی سپلائی کے حوالے سے مستقل انتظامات نہیں کیے گئے ہیں جس کے سبب علاقے کے لوگ اکثر و بیشتر ندی نالوں کا آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
محکمہ جل شکتی نے علاقے میں بستی سے دو کلو میٹر کی دوری پر اگر چہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ایک ٹینکی تعمیر کی ہے تاہم ابھی تک بستی کی جانب پانی کی سپلائی کا مستقل بندوبست نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برفباری کے ایام میں علاقے کے لوگوں خصوصا خواتین کو کئی فٹ برف سے گزر کر پینے کا پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس ضمن مین سیاسی لیڈران سمیت ضلع انتظامیہ سے بھی کئی بار گزارش کی تاہم انکے مطابق انہیں ’’پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔‘‘