ضلع رامبن میں کورونا کے بڑھتے معاملات اور جموں کا واحد ضلع رامبن ریڈ زون ہونے کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ رامبن ناظم زئی خان نے احکامات صادر کرتے ہوئے ضلع میں تیسرے اَن لاک کے درمیان ہفتہ کے دو دن مکمل لاک ڈاؤن اور امتناعی احکامات کا سختی سے نفاذ کرنے کی پولیس کو ہدایت جاری کی ہے۔
پورے ضلع میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جبکہ آج ضلع صدر مقام رامبن و دیگر اہم قصبہ جات جن میں بٹوت، بانہال کے علاوہ سب ڈویژن گول اور رامسو کے آنے جانے والے تمام راستوں پر پولیس و فورسز نے ناکے قائم کر کے ٹریفک و لوگوں کی نقل و حمل محدود کر دی تھی۔
ضلع مجسٹریٹ رامبن ناظم زئی خان کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 'پورے ضلع میں ہفتہ میں دو دن 21 سے 22 اگست تک پابندیاں تا حکم ثانی نافذ رہیں گی۔ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضلع میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہیں گے۔ جگہ جگہ رکاوٹیں، قصبہ کی طرف جانے والے سبھی راستوں کے علاوہ تمام لیک سڑک رابطوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل معطل رہی۔ تاہم دوا ساز، سبزی اور دودھ فروش کی دکانوں کو چھوٹ دی گی ہے۔