جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں ضلع ترقیاتی کونسل کے لیے چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کے انتخاب میں کورم مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
رامبن ضلع ہیڈکوارٹر میں ہونے والے ڈی ڈی سی چیئرپرسن انتخاب میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے آٹھ کامیاب کونسلر وقت ہر پہنچ گئے تھے تاہم کافی انتظار کے بعد بھی بی جے پی کے تین اور آزاد اتحاد کے تین کونسلر انتخابی عمل کے لیے نہیں پہنچ سکے، جس کی وجہ سے انتظامیہ کو انتخابی عمل کو مؤخر کرنا پڑا۔
چیئرپرسن انتخاب کا ملتوی کیے جانے پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے بی جے پی اور آزاد اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر حاجی سجاد شاہین نے حکومت و انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ملے عوام کے منڈیٹ کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کی جارہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے بی جے پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہمارے کاونسلروں کو بہکانے اور رشوت سے خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ان کے اہل خانہ پر بھی دباؤ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے الیکشن اتھارٹی سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔