رام بن: صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن میں ایک عوامی دربار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کمشنر سیکریٹری کواپریٹیو یشامد گل نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس رام بن میں منعقدہ عوامی دربار کی صدارت کی جبکہ دربار میں دیگر صوبائی، ضلع سطح کے افسران، پی آر آئی نمائندوں اور مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ عوامی دربار کے دوران عوامی وفود، پی آر آئی ممبران نے افسران سے مختلف مسائل پر ان کی توجہ مبذول کرائی۔
عوامی مطالبات سننے کے بعد حکام نے لوگوں کو درپیش مسائل کا وقت پر اور فوری ازالہ کرنے کی یقین دہانی کی۔ علاوہ ازیں ضلع میں انجام دئے جا رہے ترقیاتی کاموں اور استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں پر جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عوامی دربار میں کمشنر سیکرٹری نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے دربار کی اہمیت کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ’’حکام اور شہریوں کے مابین راست تعلقات استوار کرنے کے لیے ہی اس پروگرام کو شروع کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Ruckus During Ramban Awami Darbar: رام بن میں پبلک دربار، سرپنچوں نے کیا واک آؤٹ
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہر ایک فرد کو فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے تاکہ معاشرے کا کوئی بھی فرد ان فلاحی اسکیموں سے محروم نہ رہ سکے۔ کمشنر سیکرٹری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ضلع کے ترقیاتی پر وفائل کو سر فہرست مقام پر لے جانے کے لیے ضلع انتظامیہ کے ساتھ اپنی تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے عوام سے ضلع کی شرح خواندگی کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا اور اسکول اور کالجوں کے ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کنٹرول کرنے ساتھ ساتھ معاشرے کی مجموعی ترقی کےلئے خواتین کی تعلیم کو ترجیح دینے کی بھی گزارش کی۔