جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں ہفتہ کی دوپہر لائن آف کنٹرول پر بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک لیفٹیننٹ سمیت دو فوجی ہلاک ہو گئے۔
فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ضلع راجوری سب ڈویژن نوشہرہ کے لام علاقہ میں ایل او سی پر گشت کے دوران، بارودی سرنگ کا ایک دھماکہ ہوا جس میں دو فوجیوں کو شدید چوٹیں آئیں۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اس دھماکے میں ایک اور اہلکار زخمی ہوا ہے جو زیر علاج ہے۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لیفٹیننٹ رشی کمار اور سپاہی منجیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
لیفٹیننٹ رشی کمار بہار کے ضلع بیگو سرائے کے رہنے والے تھے، جب کہ سپاہی منجیت سنگھ پنجاب کے بھٹنڈا میں سروے والا کے رہائشی تھے۔