راجوری (جموں کشمیر) : صوبہ جموں کے راجوری ضلع میں حفاظتی اہلکاروں نے کئی دیہات کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ راجوری کے پولیس اسٹیشن کالاکوٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ حفاظتی اہلکاروں کو علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور جامہ تلاشی شروع کر دی۔ ابتدائی طور پر علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھی تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں: Militant killed in rajouri encounter: راجوری تصادم میں عسکریت پسند ہلاک
یاد رہے کہ خطہ پیر پنجال کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں عسکریت پسندی میں رواں برس اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے گئے حملوں میں ان اضلاع میں اس سال دس حفاظتی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ادھر، سیکورٹی فورسز نے بھی عسکریت پسندوں اور ان کے معاونین کے خلاف کڑی کارروائیں عمل میں لائی ہیں۔ خطہ پیر پنچال سمیت صوبہ جموں کے چناب ریجن میں بھی عسکریت پسندوں اور ان کے معاونین کی املاک کو ضبط کیا گیا ہے۔ گزشتہ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے بھی پیر پنچال سمیت چناب خطے کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس سمیت دیگر ایجنسیز عسکریت پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہے۔