راجوری: سرحدی ضلع راجوری کے کالاکوٹ برمنڈل کے برو علاقے میں عسکریت پسندوں پر نظر رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ کچھ نامعلوم افراد کی نقل و حرکت کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس کے ذریعے سیکورٹی فورس کو اطلاع ملی تھی، جس کے بعد اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ روز اس علاقہ میں فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی تھی۔ اس لیے لگاتار بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے کالاکوٹ کے علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری کر رکھا ہے۔ عسکریت پسندوں پر نظر رکھنے کے لیے اس وقت شدید کاروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ماہ 13 ستمبر کو راجوری ضلع میں دو عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
تاہم عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں ایک فوجی جوان بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ راجوری اور پونچھ کو کچھ سال پہلے عسکریت پسندی سے پاک سمجھا جاتا تھا، لیکن پچھلے چند مہینوں میں عسکریت پسندوں کے رڈار پر یہ علاقہ بہت زیادہ ہے۔ حالیہ دنوں میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان کئی انکاونٹرز ہوئے ہیں جن میں متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔