اتوار کی شام فوج کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ضلع راجوری کے ترکونڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول پر عسکریت پسندوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش کو ناکام کرتے ہوئے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق 30 دسمبر 2020 کو مذکورہ علاقے میں 6 عسکریت پسندوں نے سرحد پار کر کے بھارتی حدود میں گھسنے کی کوشش کی، تاہم فوج نے بر وقت کاروائی کی اور دراندازی کی کوشش کو ناکام کرتے ہوئے دو عسکریت پسندوں کو مار گرایا ہے جبکہ 4 کو واپس دھکیل دیا ہے۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی چوکیوں پر تعینات فوج کے جوانوں نے عسکریت پسندوں کو نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا اور فوری طور پر کاروائی کی۔
ذرائع کے مطابق اس واقعے میں تین درانداز زخمی ہوگئے تھے اور بعد میں ان میں سے دو کی موت ہوگئی۔
پونچھ: عسکریت پسندوں کی کمین گاہ تباہ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ترکونڈی اور بالاکوٹ میں کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے اسی علاقے میں سرگرم عسکریت پسندوں کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کر دیا اور تین عسکری معاونین کو بھی گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔