ریاست راجستھان کے الور کے علاقے کے بانسور تھانہ کے فتح پور گاؤں میں زمینی تنازعہ کے باعث دو فریقوں کے درمیان خونی تنازعہ ہوا، جس میں ایک طرف سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اسی دوران کوٹ پٹلی بی ڈی ایم ہسپتال میں علاج کے دوران ایک نوجوان کی موت ہوگئی، جس پر بانسور پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ بانسور تھانہ علاقہ کے فتح پور گاؤں میں زمینی تنازعہ پر دو فریقوں کے درمیان خونریز لڑائی ہوئی، جس میں ایک طرف سے تین افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے، تینوں کو علاج کے لیے بانسور ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد انہیں کوٹ پٹلی ریفر کردیا گیا تھا، جہاں ایک نوجوان نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
واضح رہے کہ ایک فریق نے دوسرے فریق پر کلہاڑی، چاقو اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا، جس میں باپ بیٹے سمیت ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے تینوں رشتہ داروں کو شدید زخمی حالت میں بانسور سی ایچ سی ہسپتال لایا گیا۔ جہاں تینوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر کوٹ پٹلی ریفر کردیا گیا۔
کوٹ پٹلی کے بی ڈی ایم اسپتال میں علاج کے دوران 22 برس کے نوجوان وجیندر ولد روہیتاش نے دم توڑ دیا، متوفی کے لواحقین نے دوسری فریق کے لوگوں پر قتل کا مقدمہ درج کیا ہے،ا ور ساتھ ہی پولیس نے کیس کی تفتیش شروع کردی ہے۔