ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے رام گنج تھانہ میں راجستھان پولیس کی آواز مہم کے تحت تہذیب آپریشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کی مہمان خصوصی راجستھان پولیس محکمہ کی اعلیٰ افسر رچا تومر تھیں۔ وہیں، اس پروگرام کی خاص بات یہ رہی کہ یہاں پر ہندو مسلم سمیت دیگر مذاہب کے مذہبی رہنما موجود تھے اور انہوں نے اپنے مذہب سے متعلق اس پروگرام میں عوام کو جانکاری دی۔
اس دوران رچا تومر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جے پور کمشنریٹ کی جانب سے آواز مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اسی مہم کے تحت 15 روز تک جے پور پولیس کمشنریٹ کے متعدد تھانوں اور دیگر مقامات پر اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں وکشمیر کے 40 گرام پنچایتوں کے سرپنچ راجستھان کے دورے پر
انہوں نے بتایا کہ آج رام گنج تھانہ میں تہذیب آپریشن پروگرام منعقد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن تہذیب کا مقصد یہ ہے کہ تمام مذاہب کے رہنماؤں کو ساتھ لیکر اس طرح کے پروگراموں کا اہتمام کرنا اور سبھی لوگوں کو سبھی مذہب کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے پروگراموں سے ہم نوجوانوں کو خواتین کی حفاظت کے لیے پیغام دے رہے ہیں۔ وہیں، اس پروگرام میں خواتین کی حفاظت کے لیے قانون کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
واضح رہے کہ اس خاص پروگرام میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سمیت دیگر مذاہب کے مذہبی رہنما اور آہنگران خاتون کالج کی بچیاں اور مقامی باشندے کثیر تعداد میں موجود تھے۔