ریاست راجستھان میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے پانچ جولائی کو فادر اسٹین سوامی کی جیل میں ہوئی موت کو لے کر آج احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاجی مظاہرہ راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے اجمیری گیٹ علاقے میں کیا گیا۔
اس دوران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی سیکریٹری شہاب الدین خان نے کہا کہ جب سے مرکز میں بی جے پی نے اپنی حکومت بنائی ہے تب سے ملک میں ایماندار صحافیوں، سماجی کارکنان کو بری طرح سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ عام عوام کی مہم کو کچلنے کے لیے سرکاری مشینریوں کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: جھالاواڑ: ڈمپر سے کچل کر ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد کی موت
انہوں نے کہا کے لوگوں کو جھوٹے مقدمہ میں پریشان کر انہیں جیل میں بند کیا جا رہا ہے، 84 برس کے فادر اسٹین سوامی جو ایک پارکنسن نام کی بیماری سے متاثر تھے، اس کی وجہ سے وہ اپنے ہاتھوں سے پانی بھی نہیں پی سکتے تھے اس انسان کو جیل میں ڈال کر ان پر دباؤ ڈالنا اور ان کی موت ہو جانا۔ اس بات کو صاف طور پر ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح سے ملک کا ماحول ہے۔
وہیں اس احتجاجی مظاہرے میں شامل تمام لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں انصاف کی تختیاں لے رکھی تھی۔اس دوران مطالبہ کیا گیا کہ بے قصور لوگوں کو پھنسانا بند کیا جائے۔
واضح رہے کہ آج کا یہ پر احتجاجی مظاہرہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی قومی مہم کے تحت دارالحکومت جے پور میں کیا گیا تھا۔