اجمیر: مشہور بلیک میل کیس پر مبنی متنازعہ فلم ’اجمیر 92‘ جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ لیکن اس فلم کے غلط حقائق کو لے کر تنازعات کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ اس فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ممبئی رضا اکیڈمی اور مسلم نمائندوں نے اجمیر پہنچ کر ایس پی چونا رام جاٹ سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا اکیڈمی کے اراکین نے بتایا کہ فلم ’’اجمیر 92‘‘ کے ذریعے کچھ نام نہاد یوٹیوبرز درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ اور چشتی برادری کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ اس فلم کی ریلیز سے اجمیر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد پر بہت منفی اثر پڑے گا۔
رضا اکیڈمی کے جنرل سکریٹری سعید نوری اور محمد عباس رضوی نے کہا کہ فلم کے ذریعے کچھ نام نہاد یوٹیوبرز اجمیر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رضا اکیڈمی نے اپنے احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی ریلیز سے قبل ہی پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس فلم کو درگاہ کے ساتھ جوڑ کر نہ دیکھا جائے، فلم میں جھوٹ، فریب اور منافقت کے ذریعے عام لوگوں کو غلط پیغام دیا جا رہا ہے۔ درگاہ اجمیر کروڑوں لوگوں کی عقیدت کا مرکز ہے۔ ایسی صورت حال میں درگاہ شریف کے بارے میں کوئی بھی غیر مہذب تبصرہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ فلم 14 جولائی کو ریلیز ہونے کی بات کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں 'اجمیر 92' کے نام سے ریلیز ہونے والی مووی کو جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے بھی سماج میں پھوٹ ڈالنے سے تعبیر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ خواجہ اجمیری معین الدین چشتی، ہندو ومسلم اتحاد کی مثال اور لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والے حقیقی سلطان تھے۔ ایک ہزار سال سے خواجہ اجمیری بھارت کی پہچان ہیں اور آپ کی شخصیت امن کے پیامبر کے طور پر مشہور ہے۔ زمانہ جانتا ہے کہ آپ کی شخصیت کی توہین یا تحقیر کرنے والے خود رسوا ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: