راجستھان کے باڑمیر شہر میں رکشا بندھن کے موقع پر ہندو بیٹی نے مسلم بھائی کو راکھی باندھ کر فرقہ وارانہ اتحاد کی مثال قائم کی۔
دراصل باڑمیر شہر کے کووڈ کیئر سینٹر میں علاج کے لئے داخل ایک ہندو اور ایک مسلم خاتون کی دوستی ہو گئی۔
دوستی اس قدر گہری ہو گئی کہ انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تاحیات تعلقات جوڑنے کا فیصلہ کیا۔
باڑمیر شہر کی رہائشی ورشا چوہان کچھ دن پہلے کووڈ 19 سے متاثر ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ورشا اپنی بیٹیوں کے ساتھ کووڈ کیئر سینٹر شفٹ ہوگئی تھیں جہاں ان کی ملاقات مسلم برادری کی نشا شیخ سے ہوئی۔ کووڈ کیئر سینٹر میں رہنے کے دوران دونوں نے باتیں شیئر کیں۔
ورشا چوہان نے بتایا کہ 'ان کی تین بیٹیاں ہیں، ایک بھی بیٹا نہیں ہے۔ نشا شیخ نے بتایا کہ ان کو بیٹی نہیں ہے۔ اس طرح ورشا اور نشا کے بیچ گہری دوستی ہو گئی۔
کووڈ کیئر سینٹر سے ڈسچارج ہونے کے بعد راکھی کے موقع پر ورشا اپنی بیٹی روشنی کے ساتھ کووڈ کیئر سینٹر میں ملی مسلم دوست نشا شیخ کے گھر پہنچی۔ ورشا نے نشا کے بیٹے دلشان اور ایشان کو روشنی کا بھائی بنانے کے لئے کہا۔
اس کے بعد ورشا کی بیٹی روشنی نے روایتی انداز میں نشا کے بیٹوں کو تلک کے ساتھ راکھی باندھی اور دلشان اور ایشان نے اپنی چھوٹی بہن روشنی کو ایک تحفہ بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کووند نے ملک کے باشندوں کو رکشا بندھن کی مبارکباد دی
اس طرح دو مختلف مذاہب کے بچوں نے مذہب کا فاصلہ مٹا کر راکھی کا رشتہ قائم کیا۔