جے پور: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے راجستھان میں کوٹا کے باشندے نوین پالیوال کو پارٹی کا ریاستی صدر مقرر کیا ہے۔ پارٹی نے راجستھان میں سات شریک انچارج بھی مقرر کیے ہیں جن میں ایم ایل اے امردیپ سنگھ گولڈی ، چیتر وساوا، ہیمنت کھوا، مکیش اہلاوت، نریش یادو، نریندر پال سنگھ سونااور شیو چرن گوئل شامل ہیں۔ واضح ر ہے کہ پنجاب میں اپنی حکومت بنانے کے بعد عام آدمی پارٹی راجستھان میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سرگرم ہو گئی ہے اور وہ گزشتہ کئی دنوں سے ریاست میں رکنیت سازی مہم چلا رہی ہے لیکن ریاستی سطح پر اس کے عہدے دار نہیں تھے۔ حال ہی میں، عآپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جے پور میں ترنگا یاترا نکالی تھی۔
عام آدمی پارٹی نے راجستھان میں اپنا نیا سینئر لیڈر نوین پالیوال کو بنایا ہے۔ پالیوال کافی عرصے سے عام آدمی پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ انا تحریک سے بھی جڑے رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر پارٹی کارکن کو ریاستی صدر بنا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ عام آدمی پارٹی میں ایک عام کارکن بھی ریاستی صدر اور وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے۔ بتا دیں کہ راجستھان میں ریاستی صدر کا عہدہ 3 سال سے خالی تھا۔ تین سال پہلے کسان لیڈر آواس رامپال جاٹ عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر تھے۔ انہوں نے جون 2020 میں اپنے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد سے ریاست میں نہ تو عام آدمی پارٹی کے صدر کی تقرری ہوئی اور نہ ہی تنظیم کی تشکیل۔ یہ بھی بتا دیں کہ عام آدمی پارٹی نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں پوری 200 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
یو این آئی