ریاست راجستھان میں سیاسی بحران شباب پر ہے۔ کہا جارہا ہے کہ سچن پائلٹ اور اشوک گہلوت کے معاملے میں اگر کسی بات کو لے کر خرابی ہوئی ہے تو وہ راجستھان کانگریس صدر کا عہدے کو لےکر ہوا ہے۔
راجستھان میں کانگریس کے نئے صدر کے بارے میں کئی دنوں سے بحث و موضوع بنا ہوا ہے۔ وہیں کانگریس کے ریاستی صدر کے طور پر سب سے بڑا نام سابق رکن پارلیمان اور فی الحال کانگریس پارٹی کے سی ڈبلیو سی ممبر رگھوویر مینا کا نام سامنے آرہا ہے۔ جنہیں ریاستی صدر بنایا جاسکتا ہے۔
حالانکہ ابھی اس پر حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، لیکن رگھوویر مینا مسلسل کئی دنوں سے جے پور میں کیمپ کر رہے ہیں اور اتوار کے روز وہ وزیر اعلی کی رہائش گاہ میں بھی موجود تھے۔ اس سے لگتا ہے کہ اب یہ ذمہ داری رگھوویر مینا کے حوالے کردی جائے گی۔
اس دوران ای ٹی وی بھارت نے رگھوویر مینا سے اس بارے میں بات بھی کی لیکن انہوں نے کہا کہ 'اس کا فیصلہ اعلی قیادت کرے گی۔ لیکن جس طرح سے وہ سچن پائلٹ کے بارے میں جارحانہ رویہ اپنارہے تھے، ایسا لگتا ہے کہ انہیں کانگریس کے ریاستی صدر کی حیثیت سے ہری جھنڈی مل چکی ہے۔