ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کی مخالفت میں شہید اسمارک پر 20 روز سے چل رہے غیرمعینہ دھرنے کے دوران مظاہرین کی جانب سے سفید غبارہ اڑا کر اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
جے پور کے شہید اسمارک پر تمام مظاہرین جمع ہوئے اور ایک ساتھ اپنے ہاتھوں سے غبارہ چھوڑے اور یہ پیغام دیا جس طرح سے مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ وہ ہم لوگوں کو کسی بھی صورت میں منظور نہیں ہے۔ اس درمیان کثیر تعداد میں خواتین اور مرد موجود رہے۔
واضح رہے کہ جے پور کے شہید اسمارک پر 31 جنوری کو غیر معینہ دھرنے کا اعلان مقامی خواتین کی جانب سے کیا گیا تھا۔
دھرنے کے سربراہ حافظ منظور نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 'یہاں پر روزانہ مختلف طرح سے احتجاج کیا جا رہا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'آج یہاں پر سفید رنگ کے غبارے پر نو این آرسی، نو سی اے اے، نو این پی آر لکھ کر ہوا میں اڑایا۔'