جے پور: راجستھان میں رائٹ ٹو ہیلتھ بل کے خلاف گزشتہ 15 دنوں سے جاری ڈاکٹروں کی ہڑتال منگل کو ختم ہوگئی۔ قبل ازیں ڈاکٹروں اور ریاستی حکومت کے درمیان ان کے مطالبات پر سمجھوتہ ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ بدھ کی صبح سے اپنا کام شروع کریں گے۔ معاہدے سے قبل ڈاکٹروں نے ایک بڑی ریلی بھی نکالی۔ حکومت اور پرائیویٹ ڈاکٹرز کے درمیان 8 نکاتی مطالبات پر معاہدہ طے پا گیا۔ ڈاکٹروں نے منگل کو چیف سکریٹری اوشا شرما کے ساتھ ان کی رہائش گاہ (چیف سکریٹری) پر میٹنگ کی، جس میں مطالبات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق تمام ڈاکٹرز صبح 8 بجے سے کام پر واپس آجائیں گے۔ آئی ایم اے راجستھان کے صدر ڈاکٹر سنیل چگھ اور چیف میڈیا انچارج ڈاکٹر سنجیو گپتا نے یہ جانکاری دی ہے۔
ڈاکٹروں اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق رائٹ ٹو ہیلتھ میں 50 بستروں کی گنجائش والے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے علاوہ کسی سرکاری مدد کے بغیر چلنے والے نجی اسپتال اس بل سے باہر ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی رائٹ ٹو ہیلتھ کے دائرے میں پی پی پی موڈ پر چلنے والے نجی میڈیکل کالج اور ہسپتال آئیں گے۔ وہیں جن اسپتالوں نے حکومت سے رعایتی نرخوں پر زمین لی ہے، وہ اسپتال جو ٹرسٹ چلا رہے ہیں، وہ اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے دوران پولیس کیسز یا دیگر کیسز منسوخ کر دیے جائیں گے۔ ہسپتالوں سے متعلق کیسز میں اجازت کے لیے سنگل ونڈو سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Private Doctors Protest اجمیر میں نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کا احتجاج
یواین آئی