عالمی وبا کورونا کا قہر راجستھان میں کم ہونے کی وجہ سے راجستھان حکومت کی جانب سے ریاست کے مندر، مسجد، درگاہ، گرودوارے، چرچ سمیت تمام مذہبی مقامات کو کھولنے کا اعلان سنیچر کے روز کیا گیا تھا۔
جس کے بعد آج تمام مذہبی مقامات پر لوگوں کا ہجوم نظر آیا۔ دراصل کورونا لاک ڈاؤن کے ایک طویل عرصے کے بعد مذہبی مقامات کے کھلنے پر عقیدت مندوں کا ایک سیلاب امڈ آیا۔وہیں اگر بات کی جائے درگاہوں اور مساجد کی تو یہاں نماز کے دوران سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا۔ نماز پڑھنے آئے نمازیوں کو حکومت کی گائیڈلائن پر عمل کرنے کی سختی سے ہدایت دی گئی ۔
مزید پڑھیں:خواجہ کا دربار کھلا، لیکن عقیدت مند ناراض کیوں؟
وہیں لوگوں نے مذہبی مقامات کھلنے کی وجہ سے خدا کا بھی شکر بھی ادا کیا۔اسی سلسلے میں درگاہ بڑے پیر صاحب ناگور کے سجادہ نشین سید صداقت علی جیلانی نے بتایا کہ جو بھی عقیدت مند درگاہ میں زیارت کے لیے پہنچ رہے ہیں، ان تمام لوگوں کو ہم ماسک لگانے اور سماجی دوری اختیار کرنے کی ہدایت دے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائین پر مکمل طور پر عمل کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے حوالے سے سنیچر کے روز راجستھان حکومت کی جانب سے گائیڈ لائن جاری کی گئی تھی جس میں مذہبی مقامات کو صبح پانچ بجے سے شام کو چار بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔